آئی ایل ٹی 20: شاہین اور عامر کی جوڑی نے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی کیسے دلائی؟

دبئی میں کھیلی جا رہی انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی میں شاہین شاہ آفریدی اور محمد عامر کی جوڑی نے اپنی ٹیم ڈیزرٹ وائپرز کو پہلی کامیاب دلا دی۔

دبئی میں کھیلی جا رہی انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی میں شاہین شاہ آفریدی اور محمد عامر پر مشتمل جوڑی نے اپنی ٹیم ڈیزرٹ وائپرز کو ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی دلا دی۔ شاہین شاہ نے گلف جائنٹس کے تین کھلاڑی آؤٹ کیے تو محمد عامر نے ایک کو پویلین بھیجا۔

دونوں نے میچ جیتنے کے لیے کیا حکمت عملی اپنائی میچ کے بعد بتا دیا۔

ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں شاہین شاہ اور محمد عامر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ ابتدا ہی میں وکٹیں لے کر مخالف ٹیم پر دباؤ بڑھائیں، جس کے لیے ڈسپلن اور پارٹنر شپ کے ساتھ بولنگ کی۔

شاہین شاہ نے کہا کہ محمد عامر جب قومی ٹیم میں تھے اس وقت بھی کافی چیزیں سیکھنے کو ملیں آج جب بولنگ کر رہے تھے تو پلان تھا کہ جلد بریک تھرو لیں اور درمیان میں رنز کو روکیں۔

محمد عامر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بولنگ پارٹنر شپ اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ پہلے بھی کھیل چکے ہیں اور ایک دوسرے کا ذہن جانتے ہیں اس لیے بولنگ کے دوران کمیونیکشن برقرار رکھا اور ڈسکس کرتے رہے کہ بال سوئنگ ہو رہا ہے یا نہیں، گرپ ہو رہا ہے یا نہیں؟

 

ان کا کہنا تھا کہ فینز کے جذباتی پیغامات سوشل میڈیا پر آ رہے ہیں جس پر ان کا شکریہ، یہ کریڈٹ ڈیزرٹ وائپر کو جاتا ہے جس نے ہم دونوں کو ایک ہی ٹیم  میں رکھا اور شائقین کرکٹ کو انجوائے کرنے کا موقع فراہم کیا۔