امریکا میں امام مسجد قتل

امریکا میں پیش امام حسن شریف کو مسجد کے باہر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر نیو آرک میں بدھ کی صبح ’محمد‘ مسجد کے باہر امام مسجد حسن شریف پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔

واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر پولیس تعینات کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

امریکی حکام نے واقعے کی تصدیق کی ہے تاہم نیوآرک کی پولیس کا اس حوالے سے تاحال کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔

حسن شریف نیوآرک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 2006 سے ٹرانسپورٹ سیکیورٹی آفیسر کے فرائض بھی انجام دے رہے تھے۔ ان کے قتل پر امریکا کی ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کی ترجمان لیزا فربسٹین نے ان کے خاندان اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل حماس کے درمیان جنگ کے بعد امریکا میں اسلامو فوبیا کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔