امام الحق نے کاؤنٹی کرکٹ میں دوسری سنچری جڑ دی

امام الحق

پاکستان کے اوپننگ بیٹر امام الحق نے یارکشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے دوسری سنچری جڑ دی۔

ون ڈے کپ میں امام الحق کی سنچری کی بدولت یارکشائر نے لنکا شائر کو 7 وکٹوں سے شکست دی، امام الحق نے 117 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ان کی اننگز میں 10 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔

لنکا شائر کی جانب سے دیا جانے والا 295 رنز کا ہدف یارکشائر نے 19 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔

امام الحق نے ولی لکسٹن کے ساتھ 153 رنز کی شراکت قائم کی، اور لکسٹن نے 63 گیندوں پر 77 رنز اسکور کیے۔

اس کامیابی کے بعد یارکشائز گروپ بی میں تین میچوں میں کامیابی کے ساتھ سرفہرست ہے اور ان کے 12 پوائنٹس اور 2.219 رن ریٹ ہے۔

یہ پڑھیں: امام الحق بھارتی کھلاڑی کا متبادل کیسے بن گئے؟

یارکشائر اپنا اگلا میچ سمر سیٹ کے خلاف اسی مقام پر 14 اگست کو کھیلے گی۔

امام الحق اس وقت ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے تین میچوں میں 331 رنز بنائے، جن میں دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ون ڈے ٹیم میں عبداللہ شفیق اوپننگ کررہے ہیں، اس سے قبل ان کی جگہ امام الحق اننگز کا آغاز کرتے رہے ہیں۔