پاکستان کو آئی ایم ایف سے 70 کروڑ ڈالر کی قسط موصول ہوگئی

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 70 کروڑ ڈالر کی قسط موصول ہوگئی

اسلام آباد: پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط موصول  ہوگئی جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ نے گزشتہ ہفتے اقتصادی جائزے کی منظوری دی تھی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رقم موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کو جاری کردہ رقم 1.9 ارب ڈالر ہوگئی، آخری اقتصادی جائزے کے بعد پاکستان کو مزید 1.1 ارب ڈالر ملیں گے۔

قبل ازیں، ذرائع نے بتایا تھا کہ آئی ایم ایف سے 70 کروڑ ڈالر کی قسط گزشتہ روز 15 جنوری کو ملنی تھی تاہم مارٹن لوتھرکنگ جونیئر کی سالگرہ پر امریکا میں چھٹی کے باعث ایک دن کی تاخیر ہوئی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا تھا کہ پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ نمبر ون میں منتقل ہوں گے جس کے بعد ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گے۔

یاد رہے کہ 11 جنوری کو آئی ایم ایف نے پاکستان کیلیے 70 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط کی منظوری دی تھی۔ بتایا گیا تھا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.9 ارب ڈالر مل جائیں گے جس سے زرمبادلہ ذخائر 13 جنوری تک 14 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔

پاکستان کیلیے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت قرض کی منظوری دی گئی تھی۔ پہلے اقتصادی جائزے کی تکمیل پر اسٹاف لیول معاہدہ 15 نومبر 2023 کو طے پایا تھا، پاکستان کو قرض پروگرام میں سے 1.2 ارب ڈالر پہلے ہی مل چکے ہیں۔