‘دوست ممالک کی یقین دہانیاں، آئی ایم ایف قرض فراہمی پر رضامند’

آئی ایم ایف بجٹ

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ دوست ممالک کی یقین دہانیوں پر آئی ایم ایف قرض فراہمی پر رضا مند ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا ان کیمرہ اجلاس ہوا ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف سےمتعلق بریفنگ پر ان کیمرہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے بتایا دوست ممالک نے رول اوور کی یقین دہانی کرادی ہے، آئی ایم ایف کو بھی دوست ممالک کی یقین دہانیوں سے آگاہ کردیا، یقین دہانیوں کےبعد آئی ایم ایف نے اجلاس بلایا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاور سیکٹر کی اصلاحات پر بھی آئی ایم ایف کو اعتماد میں لیا گیا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ 7 ارب ڈالر کا پروگرام ہے جبکہ پاکستان کی مجموعی ضروریات 12ارب ڈالر ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف قرض کیساتھ 5ارب ڈالراضافی فنانسنگ کی ضرورت ہوگی، 5ارب ڈالر کمرشل بینکوں سمیت دیگر ذرائع سےآئیں گے۔

خیال رہے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ایگزیکٹیو بورڈ کے 25 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں  پاکستان کے لیے قرض پروگرام کی منظوری کا امکان ہے۔

ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں 7 ارب ڈالرز قرض پروگرام کی منظوری پر غور ہوگا، آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ مطمئن ہوا تو پاکستان کو اقساط شروع ہوجائیں گی۔