پاکستان اور برطانیہ کے مابین اہم معاہدہ طے پا گیا

برطانیہ پاکستان

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ‎ٹریڈ ڈائیلاگ میکانزم کے معاہدے پر باضابطہ دستخط ہو گئے۔ وزیر تجارت جام کمال خان اور برطانوی وزیر ڈگلس الیگزینڈر نے معاہدے پر دستخط کیے۔

یہ پہلا اعلیٰ سطح کا تجارتی معاہدہ ہےجسے پاکستان نے کابینہ کی منظوری کے بعد طے کیا۔ معاہدہ دوطرفہ اقتصادی تعاون کو ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے کی جانب بڑا قدم قرار دیا گیا ہے۔

دونوں ملکوں کا تجارتی مواقع تلاش کرنے، رکاوٹیں دورکرنے اور باہمی سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ معاہدے کے تحت مشترکہ ورکنگ گروپس، باقاعدہ جائزہ اجلاسوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

معاہدے میں ڈیجیٹل تجارت، قابل تجدید توانائی، زراعت اور دوا سازی جیسے شعبوں میں تعاون پر زور دیا گیا ہے۔ معاہدے سے دونوں ملکوں کیلئے نئی منڈیاں، روزگار کے مواقع اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔

پاکستان نے برآمدات میں اضافے کیلئے آئی ٹی، زرعی ٹیکنالوجی اور فارماسیوٹیکل شعبےکو اجاگر کیا۔ برطانیہ کی ترقی پذیرملکوں کیلئے تجارتی اسکیم ڈی سی ٹی ایس کےتحت پاکستان کو سہولت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔

یہ تاریخی معاہدہ دوطرفہ تعلقات کو نئے اقتصادی دور میں داخل کرنے کی بنیاد بنے گا۔