لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے لانگ مارچ کو تاریخی اور طویل ترین بنانے کے حکمت عملی ترتیب دے دی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے جمعے کو حقیقی آزادی مارچ کے اعلان کے بعد صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیاریاں زور وشور سے شروع ہوگئیں ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی اور آئی ایس ایف نے کیمپ لگادئیے ہیں جہاں کارکنان اور عوام کا بھرپور رش دیکھا جارہا ہے۔
ادھر ذرائع کے مطابق پارٹی کی سینئیر قیادت نے لانگ مارچ کو تاریخی اور طویل بنانے کی حکمت عملی ترتیب دے دی ہے، یہ طے کیا گیا ہے کہ
لانگ مارچ جی روڈ کے راستے صرف دن کے اوقات میں ہی آگے بڑھے گا، لانگ مارچ کو جی ٹی روڈ پر جہاں رات ہو گی وہیں عمران خان کی تقریرکے بعد رات کا قیام ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: حقیقی آزادی لانگ مارچ: پی ٹی آئی نے درخواست جمع کرادی
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حکمت عملی سے پارٹی قیادت کور ات کےممکنہ پڑاؤ کےمقامات سےآگاہ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس حکمت عملی کے باعث حقیقی آزادی لانگ مارچ جمعہ چار نومبر کو اسلام آباد میں پہنچنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے’حقیقی آزادی’ لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کو این او سی کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو درخواست موصول ہوگئی ہے، درخواست کے متن کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم کے تحت پاکستان تحریک انصاف سری نگر ہائی وے پر پڑاؤ ڈالنا چاہتی ہے۔