محکمہ موسمیات کی بارش سے متعلق اہم پیش گوئی

کراچی : کیا بارش کا سبب بننے والا سسٹم پاکستان سے نکل گیا؟ محکمہ موسمیات نے واضح کردیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی بحیرۂ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ عمان کی جانب بڑھ گیا ہے، جس کے باعث کراچی میں تیز بارش کا امکان کم ہوگیا ہے، البتہ آئندہ دو روز کے دوران کراچی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دادو اور قمبر شہداد کوٹ میں گرج چمک کے ساتھ آج ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ ساحلی شہروں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ سندھ کے بیشتر حصوں میں آئندہ تین سے چار روز تک موسم خشک رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بارش کے بعد بلوچستان میں موسم گرم ہوگیا

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں اس دوران درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا اور جنوب مغرب سے ہوائیں بھی چلتی رہیں گی۔

محکمۂ موسمیات کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 89 فیصد رہا۔