اسپیکر قومی اسمبلی نے وزارت داخلہ کو اسلحہ لائسنس ایک ہفتےمیں جاری کرنےکی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کا آغاز ہوا تو پیپلزپارٹی کے رکن غلام مصطفیٰ شاہ نے نکتہ اعتراض پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اتحادیوں کے ساتھ ناروا سلوک اپنا رہی ہے اسلحہ لائسنس کے معاملے پر حکومت وعدہ پورا نہیں کر رہی اسلحہ لائسنس پر کمیٹی کےاجلاس میں وزارت داخلہ سےکوئی نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی ارکان اجلاس میں 20 منٹ تک افسران کا انتظار کرتے رہے بطور اتحادی ہمیں سخت اقدام پر مجبور نہ کیا جائے، مجبور کرنے پر کورم کی نشاندہی سمیت احتجاج کا حق محفوظ رکھتےہیں، اسپیکر اسمبلی معاملے کا نوٹس لےکر مسئلہ حل کرائیں۔
ن لیگی ارکان نے غلام محمدمصطفیٰ کےمطالبےکی حمایت کی۔ اسپیکر نے قومی اسمبلی کمیٹی میں عدم شرکت پر وزارت داخلہ حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کو فوری ایوان میں طلب کر لیا۔
اسپیکر نے وزارت داخلہ کو اسلحہ لائسنس ایک ہفتےمیں جاری کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ مکمل فارم جمع کرانے والے ایم این ایز کو لائسنس دے۔