عازمین حج کی بائیومیٹرک اور پاسپورٹ سے متعلق اہم خبر

عازمین حج

عازمین حج کی بائیومیٹرک اور کارآمد پاسپورٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ مقرر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمدطلحہ محمود کی زیرصدارت حج امور سےمتعلق اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری مذہبی امور نے حج آپریشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ حجاج کرام کی بائیومیٹرک 28 اپریل تک مکمل ہو گی جب کہ عازمین حج سے کارآمد پاسپورٹ بھی 28اپریل تک طلب کیےگئےہیں۔

سیکرٹری کا کہنا ہے کہ تمام 10حاجی کیمپوں کےزیر انتظام تربیت کا آغاز 27 اپریل سے ہو گا تحصیل اورضلع کی سطح پرمنعقدہ حج تربیت میں شرکت لازمی ہے، اندازاً 20 مئی سےحج پروازوں کا آغاز ہو جائے گا اور پاکستان سے آخری حج پرواز 21 جون کو روانہ ہو گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حجاج کو سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا حج انتظامات کی برقت تکمیل کیلئے دن رات کام کرنا ہو گا۔

دوسری جانب رواں سال حج کے لیے مختص پاکستان کا کوٹہ پورا نہیں ہو سکا، کم درخواستیں موصول ہونے کی وجہ سے امکان ہے کہ اسے سعودی عرب کو واپس کر دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کوٹہ پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کو دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، تاہم حج کوٹہ کی واپسی کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔