روس سے پاکستان کو تیل خریداری پر کیا رعایت ملی؟ روسی وزیر توانائی کا اہم بیان

پاکستان نے حال ہی میں روس سے خام تیل خریدا ہے جس پر رعایت کے حوالے سے روسی وزیر توانائی نکولے شلگینوف نے اہم بیان دیا ہے۔

روسی وزیر توانائی نکولے شلگینوف نے پاکستانی وزیر پٹرولیم کے دعوے کی تردید کر دی ہے۔ سینٹ پیٹرز برگ میں عالمی اقتصادی کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے روسی وزیر توانائی نے کہا ہے کہ پاکستان کو خام تیل پر کوئی خصوصی رعایت نہیں دی جب کہ پاکستان سے روس کو چینی کرنسی یو آن میں ادائیگی کی گئی ہے۔

روسی وزیر توانائی نے کہا ہے کہ پاکستان کو خام تیل اُسی قیمت پر فروخت کیا گیا ہے جس پر باقی ممالک کو دیا گیا تھا جب کہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ادائیگی دوست ممالک کی کرنسیوں میں ہی کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے بارٹر سپلائی کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ہے لیکن اس ضمن میں اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا تھا کہ خام تیل روس سے رعایتی نرخوں پر لیا ہے اور روس نے بارٹر ٹریڈ کی بھی یقین دہانی کرائی ہے تاہم مصدق ملک کی جانب سے تیل کی قیمت کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔