کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عزیر بلوچ کیخلاف لیاری آپریشن میں پولیس پر حملے اور اقدام قتل کا کیس التوا کا شکار ہے، جس کی وجہ اہم گواہ اور جے آئی ٹی سربراہ کی عدم پیشی بتائی جاتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عزیر بلوچ کیخلاف لیاری آپریشن کے دوران پولیس پر حملہ کرنے اور اقدام قتل کا کیس التوا کا شکار ہو گیا ہے، اہم گواہ اور جے آئی ٹی سربراہ پیش نہیں ہو رہے، لیاری گینگ وار سرغنہ عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی کے سربراہ کا بیان اب تک ریکارڈ نہیں ہوسکا ہے۔
اس سلسلے میں تفتیشی افسر نے اہم گواہ اور جے آئی ٹی سربراہ سے متعلق رپورٹ جمع کرا دی ہے، افسر کا کہنا ہے کہ عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی کے سربراہ فدا جانوری ایس ایس پی کیماڑی تعینات ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ موجودہ سیاسی صورتحال کی وجہ سے ضلع کیماڑی کے حالات ٹھیک نہیں ہیں، ایس ایس پی کو امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ، جس کے باعث عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی کے سربراہ عدالت میں پیش ہونے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر جے آئی ٹی سربراہ کو طلب کرلیا ہے، لیاری گینگ وار سرغنہ عزیر بلوچ سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا، عدالت کی جانب سے مزید سماعت 22 جون تک ملتوی کردی گئی ہے۔