اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے نوجوت سنگھ سدھو کوامن کا سفیر قراردیتے ہوئے کہا کہ تقریب حلف برداری میں شرکت پر سدھو کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سدھو کو نشانہ بنانے والے امن کونقصان پہنچا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں سدھو کو تنقید کا نشانہ بنانے پر وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو کو امن کا سفیر قرار دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوت سنگھ سدھو کی پاکستان آمد اور تقریب حلف برداری میں شرکت پر شکریہ ادا کرتا ہوں، سدھو امن کے سفیر ہیں، انہیں پاکستان کے لوگوں نے محبت دی، بھارت میں سدھوکو نشانہ بنانے والے امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
I want to thank Sidhu for coming to Pakistan for my oath taking. He was an ambassador of peace & was given amazing love & affection by ppl of Pakistan. Those in India who targeted him are doing a gt disservice to peace in the subcontinent – without peace our ppl cannot progress
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 21, 2018
عمران خان نے مزید کہا کہ امن کے بغیر خطے کے عوام ترقی نہیں کرسکتے، آگے بڑھنے کیلئے پاک بھارت مذاکرات ضروری ہیں، کشمیر سمیت تمام تمام تنازعات کا حل نکالنا ہوگا۔ غربت کے خاتمے اور اختلافات ختم کرنے کیلئے آسان ترین نسخہ ہے کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات حل کئے جائیں اور باہم تجارت کا آغاز کیا جائے۔
To move forward Pakistan and India must dialogue and resolve their conflicts incl Kashmir: The best way to alleviate poverty and uplift the people of the subcontinent is to resolve our differences through dialogue and start trading https://t.co/V2UkXp0WwS
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 21, 2018
یاد رہے نوجوت سدھو کے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت اور آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ سے گلے ملنے اور صدر آزاد کشمیر مسعود خان کے ساتھ بیٹھنے پر بھارتی میڈیا اور انتہا پسند آگ بگولہ ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں : سدھو کی تقریب حلف برداری میں شرکت، بھارتی میڈیا بھڑک اٹھا
جس کے بعد لدھیانہ میں مشتعل افراد نے سدھو کے پوسٹر اور پتلے کو آگ لگائی گئی جبکہ انتہا پسند جماعتوں نے بھارت کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے، جس میں سدھو کے پتلے کو بھی نذر آتش کیا گیا تھا۔
انتہا پسند تنظیم بجرنگ دل نے سدھو کے سر کی قیمت مقرر کردی ہے اور کہا ہے کہ سدھوکا سر لانے والے کو 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔