اتحادیوں کو منانے کے لیے وزیراعظم کی وزیراعلیٰ پنجاب کو اہم ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو اتحادی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کرنے اور تعلقات بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی اہم ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں صوبائی معاملات اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے آنے والے ردعمل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے اتحادی جماعتوں سے ہونے والے مذاکراتی عمل پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی اور انہیں اعتمادمیں لیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے اتحادی جماعتوں سےتعلقات بہتربنانےکے لیے اقدامات کی منظوری دی۔ دوران ملاقات پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور امن کی صورت حال پربھی بات چیت ہوئی۔

قبل ازیں پنجاب میں تحریک انصاف کی پنجاب میں اتحادی جماعت مسلم لیگ ق نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی  مختلف اتھارٹیز میں ہونے والی تقرریوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے الیکشن میں شکست کا سامنا کرنے والے 300 سے پی ٹی آئی رہنماؤں کو عہدوں پر تعینات کیا، خود مختار اداروں میں تقرریوں کے حوالے سے مسلم لیگ ق کے کسی بھی رکن کو تعینات نہیں کیا گیا۔

مسلم لیگ ق نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پالیسی میکنگ میں اتحادیوں سےمشورہ نہیں کرتی، اتحادیوں کو اعتماد میں نہ لیناعدم اعتمادکےمترادف ہے۔

مسلم لیگ ق کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ’ترقیاتی فنڈزکےمعاملے پر بھی حکومت نے صرف مخصوص علاقوں کو فنڈز جاری کیے، مسلم لیگ ق نے اہم حکومتی فیصلوں میں مشاورت نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اتحادیوں کو شراکتِ اقتدارکی فارمولےکے مطابق دینے کا مطالبہ کردیا۔