عمران اسماعیل کو نامعلوم نمبروں سے فون کالز آنے لگیں

رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو بھی نامعلوم نمبرز سے کالز آنے لگی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران اسماعیل نے موبائل فون پر موصول ہونے والی کالز کا اسکرین شاٹ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ نو کالر آئی ڈیز سے کالز آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نامعلوم کالیں ہماری تحریک کو نہیں دبا سکتیں، حکومت نے گندا کھیل کھیلنا شروع کر دیا ہے۔

سابق گورنر نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ایسی کالز کو فوری طور پر سوشل میڈیا پر سامنے لائیں، کچھ کالز نامعلوم ہیں اور کچھ پر کہا جاتا ہے کہ امریکا سے کی گئیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے خوشاب جلسے میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ ایک نامعلوم نمبر سے دھمکیاں دے کر خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت صحافیوں اور سیاستدانوں پر خوف طاری کر رہی ہے اور دہشت پھیلا رہی ہے لیکن ہم وہ لوگ ہیں جو کسی صورت امریکا کی غلامی نہیں کریں گے۔