انقلاب کا راستہ روکنا حکومت کے بس کا کام نہیں، عمران اسماعیل

پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آج حقیقی آزادی کا آغاز ہے پورا پاکستان کپتان کے ساتھ ہوگا انقلاب کا راستہ روکنا حکومت کے بس کا کام نہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ کے سابق گورنر عمران اسماعیل نے لانگ مارچ سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کیا ہے۔

عمران اسماعیل نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ آج حقیقی آزادی کا آغاز ہے پورا پاکستان کپتان کے ساتھ ہوگا، عوام اپنی آزادی کیلئے قومی پرچم اور جذبے کے ساتھ لانگ مارچ میں شرکت کریں۔

سابق گورنر نے مزید کہا کہ آزادی کا اک لمحہ غلامی کی حیاتِ جاوداں سے بہتر ہے، وہ دن آچکا جب قوم حقیقی آزادی کیلیے ایک اور تاریخ رقم کرنے جا رہی ہے، اب قوم اپنا فیصلہ خود کریگی، انقلاب کا راستہ روکنا حکومت کے بس کا کام نہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ آج ہر قدم صرف آزادی کیلیے ہے، ملک بنانے والوں کی اولادیں آج ملک بچانے نکلیں گی، نکلو پاکستان کے لیے۔