کراچی کے مسائل کی وجہ شہری و صوبائی حکومت میں اختیارات کا تنازعہ ہے، عمران اسمٰعیل

کراچی : گورنر سندھ عمران اسمٰعیل  نے کہا ہے کہ کراچی میں مسائل کی وجہ شہری اورصوبائی حکومت کے درمیان اختیارات کا تنازعہ ہے، میئر کراچی کے پاس صفائی کے پیسے نہیں، سندھ حکومت کہتی ہے پیسہ بورڈ کو دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت میئر کراچی کے بجائے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو پیسہ دینا چاہتی ہے جبکہ بورڈ کام کرنا ہی نہیں چاہتا۔

یہ ایک سائیکل ہے جس سے شہر قائد کے مسائل جنم لے رہے ہیں، ہم حکومتِ سندھ کے ساتھ با مقصد مذاکرات کرکے اختیارات شہری حکومت کو دلوانےکی کوشش کررہے ہیں۔

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ سندھ میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہ ہونے سے مسائل آتے رہیں گے، سندھ حکومت سے مذاکرات کرکے میئر کو اختیارات دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

عمران اسماعیل کا کہنا کہ ہے کراچی کے معاملے میں گورنر کا کوئی کردار نہیں، اگر ہوتا تو ساری توانائی اور پیسہ کراچی پر صرف کرتا البتہ وفاق کی ساری توجہ کراچی پر مرکوز ہے۔

اس معاملے پر وزیراعظم خود دلچسپی لے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے کے مسائل کا حل نکالنا برسراقتدار جماعت پیپلزپارٹی کی ذمہ داری ہے۔

عمران اسماعیل نے برطانوی جریدے کی وہ رپورٹ مسترد کردی جس میں کراچی کو رہائش کیلئے غیرموزوں ترین شہروں کی فہرست میں ٹاپ فائیو پر رکھا گیا تھا۔