اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کرپشن میں ملوث ہیں، ان کے فرنٹ مین جاوید صادق ہیں جو اب تک مختلف ٹھیکوں کے ذریعے 15 ارب روپے کمیشن وصول کرچکے ہیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن پر کرپشن کے مزید الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے فرنٹ مین پاکستانی نژاد کینیڈین شہری جاوید صادق مختلف ٹھیکوں سے اب تک اربوں روپے کمیشن بنا چکے ہیں۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے الزام عائد کیا کہ 4 منصوبوں میں 26 ارب 55 کروڑ روپے کی کرپشن ہوئی اور نیو اسلام آباد کا کنٹریکٹ بھی جاوید صادق کو دیا گیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 2 نومبر کو شہباز شریف کے فرنٹ مین سے متعلق مزید انکشاف کروں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کینیڈین شہری جاوید صادق کو ٹھیکے دے کر حکمراں سمجھ رہے ہیں کہ اُن کی کرپشن قانونی ہوکر چھپ گئی مگر وہ نہیں جانتے کہ اب قوم مسلم لیگ ن کی کرپشن پر خاص نظر رکھے ہوئے ہے۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ اگر پرامن احتجاج کو روکنے کے لیے گرفتاریاں کی گئیں تو حکومت کو سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جب 10 لاکھ لوگ اسلام آباد میں داخل ہوجائیں گے تو وہ خود بہ خود بند ہوجائے گا۔
اسی ضمن میں صحافی اسد کھرل نے انکشاف کیا کہ ایک ہی کمپنی کو 480 ارب روپے کے ٹھیکے دیے گئے۔