بانی PTI کی جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتاری ڈال دی گئی

لاہور: انویسٹی گیشن پولیس نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتاری ڈال دی۔

لاہور: انویسٹی گیشن پولیس نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتاری ڈال دی۔

پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل پہنچ کر باضابط گرفتاری ڈالی۔ پولیس کے مطابق سابق وزیر اعظم سے ریاست کے خلاف اکسانے کی دفعات کے تحت تفتیش کی جائے گی۔

پولیس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جناح ہاؤس حملہ سمیت 9 مئی کے 12 مقدمات میں گرفتاری ڈالی گئی۔ پولیس نے راولپنڈی کی عدالت سے ملزم کو لاہور منتقل کرنے کی استدعا کی تاہم عدالت نے سکیورٹی خدشات کے باعث سابق وزیر اعظم کو منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی۔

پولیس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پیر کو ویڈیو لنک سے لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوں گے، جناح ہاؤس حملے سے متعلق تفتیش کیلیے ان کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی، ملزم کے خلاف مجموعی طور پر 16 مقدمات درج ہیں۔

قبل ازیں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف لاہور میں درج 9 مئی کے 3 مقدمات کی تفتیش کیلیے پولیس کی 11 رکنی ٹیم اڈیاہ جیل پہنچی اور تفتیش مکمل کرنے کے بعد وہاں سے روانہ ہوگئی۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے مقدمات سے متعلق مختلف سوالات کیے گئے، لاہور پولیس سابق وزیر اعظم کا جسمانی ریمانڈ لینے کیلیے اے ٹی سی سے رجوع کرے گی۔