عمران خان کیخلاف کیسز کی تفصیلات کل تک طلب

عمران خان

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی حد تک چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیل کل تک طلب کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران کی مقدمات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرنے کیس کی سماعت کی۔

وکیل فیصل فرید نے بتایا کہ ابھی میں کورٹ آرہا تھا ایک کلومیٹر دور روکا گیا ہے، ہمارے لئے پارکنگ بھی بند کر دی گئی ، جس پر وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت سے کہا کہ رجسٹرار کو حکم دیں پولیس وکلا کے ساتھ ایسا سلوک نا کریں۔

عدالت نے کہا کہ میں خود زگ ذیگ سے کینٹینر سے ہو کر آیا ہوں ، آپ کے پارٹی لیڈر آرہے ہیں انہی کے لیے سیکورٹی لگائی ہوئی ہے۔

وکیل فیصل فرید نے رانا ثناء اللہ کے کل کے بیان کی کاپی عدالت کے سامنے پیش کی اور کہا کہ یہاں صورت حال یہ ہے یہاں پر ضمانت کرا کے نکلتے ہیں جعلی ایف آئی آر میں اٹھا لیا جاتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے درخواست کر رکھی ہے غیر قانونی گرفتاری روکیں، آپ کی درخواست منظور کروں تو آپ کے کلائنٹ گرفتار ہوجائیں گے، چیف جسٹس

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا میں کہہ دوں غیر قانونی نہیں تو قانونی گرفتار کر لیں؟ اپنے کلائنٹ کے ساتھ یہ نہ کریں، میں صرف اس عدالت کے دائرہ اختیار تک احکامات دے سکتا ہوں۔

وکیل نے کہا ماضی میں اسی عدالت نے نوازشریف کی صحت کی ضمانت مانگی، جس پرچیف جسٹس نے ریمارکس دیئے میں کسی ایسی چیز میں نہیں جانا چاہتا بائی بک ہی چلتا ہوں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیل کل تک فراہم کرنے کی ہدایت کردی ، ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی حد تک تفصیلات طلب کی۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔