کرپشن کی وجہ سے ہماری آئندہ نسلوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے، عمران خان

عمران خان

لاہور : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کی وجہ سے ہم دوسرے ممالک سے پیچھے رہ گئے، ہماری آئندہ نسلوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار، معاون خصوصی وزیر اعظم شہزاد اکبر اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈی جی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب اعجاز شاہ نے ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی، انہوں نے مالی بدعنوانیوں کی ریکوری اور ملزمان کی گرفتاریوں سے متعلق اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں وائٹ کالر کرائمز کنٹرول کرنے میں پیشہ ورانہ مہارت بڑھانے کی تجاویز پیش کی گئیں، وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے لوگوں کے پیشہ وارانہ فرائض عام فرائض نہیں ہیں۔

کرپشن کی وجہ سے ہم خطےکے دوسرے ممالک سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی کی کرپشن سے آج ہم معاشی بدحالی کا شکار اور قرضے لینے پرمجبور ہوئے، کرپشن کے ناسور نے ہمارے ملک کو بےحد نقصان پہنچایا، اسی وجہ سے ہماری آئندہ نسلوں کا مستقبل بھی داؤ پر لگ گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے فرائض موجودہ حالات میں جہاد ہیں، بعد ازاں وزیراعظم عمران خان پکچر وال کے افتتاح کیلئے پہنچ گئے۔