پشاور: وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان پہلے لیڈر ہیں جو امریکہ میں کشمیر، اسلام اور مسلمانوں سے دہشتگردوں کا لیبل ہٹانے کے لیے سرگرم ہیں۔
اپنے ایک بیان میں شوکت یوسفزئی کہنا تھا کہ عمران خان نے امریکی صدر ٹرمپ کو اسلام کی اصل روح اور تعلیمات سمجھانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کوششوں کی وجہ سے دنیا نے تسلیم کیا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف بھارت کا مسئلہ نہیں ہے اور اس کو اب حل ہونا چاہیے، مولانا فضل الرحمان 15 سال تک کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے اور کشمیریوں کے نام پر کھاتا رہا ایک دھرنا کشمیر کے لیے بھی دے تو ہم بھی ساتھ دیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں حکومت میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ ملنے کے باوجود ہم سرمایہ کاری کے لئے بہترین ماحول فراہم کر رہے ہیں، بے تحاشا قربانیاں دینے کے بعد صوبہ میں امن و امان کو واپس قائم کرلیا ہے جس کی مثال اس انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد ہے۔
کشمیری عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں، شاہ محمود قریشی
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومتوں نے ملک پر 30 ہزار ارب روپے کا قرض چڑھایا مقروض ممالک کبھی ترقی نہیں کر سکتے بجلی، گیس، ریلوے اور پی آئی اے سمیت اداروں کو خسارے میں رکھا گیا جس کی وجہ سے مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا، ملکی ترقی اور اداروں کو خسارے سے نکالنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے مشکل فیصلے کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں گیس، بجلی اور معدنیات کے ذخائر موجود ہیں لیکن صرف لیڈرشپ کی کمی تھی عمران خان کی شکل میں ملک کو ایماندار اور غیرت مند لیڈر ملا ہے جو آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پاکستان کی بات کرتا ہے۔