اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو ہر لحاظ سے ماڈل سٹی ہونا چاہیے، بڑے جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا کے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جائے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔
اجلاس میں اسلام آباد میں امن امان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ، ترقیاتی امور اور شہریوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی پر غور و خوص کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ماحولیات کے تحفظ اور قدرتی حسن کو برقرار رکھنے پرتوجہ دینے کی ہدایت بھی کی، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی ڈی اے میں اصلاحات کا مقصد لوگوں کا معیار زندگی بہتر کرنے کیلئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ اسلام آباد کو ہرلحاظ سے ایک ماڈل سٹی ہونا چاہیے، وزیراعظم نے کمزور طبقے کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت پرزور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا کے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جائے، شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے، کمزور اور غریب طبقے کا تحفظ ہرصورت ممکن بنایا جائے۔