عمران، پرویز الٰہی ملاقات، بیورو کریسی میں اکھاڑ پچھاڑ پر اظہار تشویش

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پرویز الہیٰ نے پنجاب میں بیورو کریسی میں اکھاڑ پچھاڑ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق زمان پارک لاہور میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی کی سیاسی صورت حال خصوصی طور پر پنجاب کی سیاست پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کے بعد بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ کے معاملات پر تشویش کا اظہار کیا اس موقع پر پرویزالٰہی نے آئندہ سیاسی معاملات سے متعلق اپنی تجاویزسےآگاہ کیا۔

زمان پارک میں ہونے والی ملاقات میں عمران خان اور پرویز الہیٰ نے پنجاب، خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ نہ آنے پراظہارتشویش کیا اور معاملے پر دیگر سیاسی آپشن سمیت اعلیٰ عدلیہ سےرجوع کرنے پربھی تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں الیکشن کمیشن کےاقدامات کےخلاف آئینی آپشنزپربات چیت کی اور الیکشن کمیشن کےاقدامات کےخلاف احتجاج کو جاری رکھنےکا فیصلہ کیا، ملاقات میں اسد عمر،فواد چوہدری،سینیٹراعظم سواتی اورحماد اظہرشریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں:  نگراں وزیراعلیٰ کا اہم عہدوں پر تعینات افسروں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ

ادھر نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اہم عہدوں پر تعینات افسران کی تبدیلی کے لیے چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس کو بھی ہدایات دے دیں ہیں۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن گائیڈ لائنز کی روشنی میں تقرر و تبادلے کئے جائیں گے اور ایماندار و پروفیشنل افسروں کو موقع دیا جائےگا۔