بانی پی ٹی آئی کو بی کلاس سہولیات میسر ہیں، جیل سپرنٹنڈنٹ

اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بی کلاس سہولیات میسر ہیں، جن میں خوراک، علاج معالجہ، کتابیں، اخبار اور ورزش شامل ہیں۔

یہ بات اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے اپنے جاری بیان میں کہی، اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں قوانین و قاعدے کے مطابق بی کلاس کی تمام سہولیات میسر ہیں، جس میں ان کی خوراک، صحت، مطالعہ کتب و اخبارات سمیت ورزش اور واک شامل ہیں۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو 7سیلز پر مشتمل کمپلیکس میں رکھا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کی چہل قدمی کے لیے کھلاصحن بھی موجود ہے، ایکسرسائز کے لیے سائیکل بھی موجود ہے،وہ اپنےاحاطے کے کھلےصحن میں روزانہ دو گھنٹے ورزش کرتے ہیں۔

جیل سپریڈنٹ نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو باقاعدہ ایک قیدی باورچی فراہم کیا گیا ہے، وہ اپنی خواہش کے مطابق اس سے ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا تیار کراتے ہیں۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر دن میں تین مرتبہ ان کا معائنہ کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے تمام وائٹلز چیک کیے جاتے ہیں، گذشتہ دو ہفتے کے معائنے کے دوران کوئی بیماری یا عارضہ رپورٹ نہیں ہوا، وہ مکمل صحت مند ہیں،وائٹلز مقررہ معیار کے مطابق ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کو ایل ای ڈی، اخباراور کتابیں میسر ہیں، بانی نے قید کے دوران 421 مرتبہ ٹوئٹ کیے، وہ دس بین الاقوامی میڈیا چینلز سے بھی بات کرچکے ہیں، عدالتی سماعتوں کے دوران میڈیا چینلز اور صحافیوں سے دن دن بھر مخاطب رہے ہیں۔

پریس ریلیز کے مطابق پچھلے تین ماہ میں پارٹی رہنماؤں، فیملی ارکان اور وکیلوں سمیت 66افراد نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی، بانی پی ٹی آئی کسی بھی قیدی سے زیادہ سہولتیں اورمراعات حاصل کررہے ہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے سنسنی اور سستی شہرت کے لیے پھیلائی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔