نواز شریف کی وطن واپسی پر چیئرمین پی ٹی آئی کا ردعمل آگیا

سزا یافتہ شخص کو ریڈکارپٹ ریلیف دیا جا رہا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی وطن واپسی پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں اپنے وکلا سے ایک گھنٹہ ملاقات کی جس میں ان کے خلاف مقدمات، ملکی صورتحال اور نواز شریف کی وطن واپسی پر گفتگو ہوئی۔

ان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے میڈیا کو بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت اچھی اور حوصلے بلند ہیں، ان سے مقدمات اور جو کچھ ملک میں ہو رہا ہے اس پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے ان کو نواز شریف کی واپسی سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم سے بچوں کی گفتگو سے متعلق عدالت نے آرڈر کیا، تاہم عدالتی احکامات ابھی تک جیل انتظامیہ کو موصول نہیں ہوئے۔

وکیل نے بتایا کہ ملاقات میں نواز شریف کی واپسی پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’لندن پلان پر عمل ہو رہا ہے۔ سزا یافتہ شخص کو ریڈ کارپٹ ریلیف دیا جا رہا ہے۔‘

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عوام کے سامنے ہے نظام عدل کو کس طرح زمین بوس کیا جا رہا ہے، ہم فلسطین کیلیے احتجاج کرنا چاہتے ہیں وہ بھی نہیں کرنے دیا جا رہا۔

وکیل نے بتایا کہ فرخ حبیب کی پریس کانفرنس پر سابق وزیر اعظم نے ردعمل دیا کہ ’عوام کو سب پتا ہے۔‘