’بانی پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجا کا استعفیٰ منظور نہیں کیا‘

اڈیالہ جیل گیٹ نمبر5 پر سلمان اکرم راجہ اپنی مرتب کردہ ملاقاتی فہرست پر ڈٹ گئے

راولپنڈی (26 اگست 2025): پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی ہونے والے سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے میرا استعفیٰ نہیں مانا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی عمران خان نے ان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا اور بدستور کام کرتے رہنے کی ہدایت کی ہے۔

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے سیاسی کمیٹی کی آج شام دوبارہ میٹنگ ہوگی جس میں الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ ہوگا۔

پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود خان اچکزئی کا نام ہی دہرایا ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ کے سابق اپوزیشن لیڈرز عمر ایوب اور شبلی فراز ہی عدالتوں میں مقدمات لڑ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سلمان اکرم راجا نے گزشتہ روز سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کے عہدے سے علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سلمان اکرم راجا نے لکھا تھا کہ کل بانی پی ٹی آئی سے عہدے سے علیحدگی کی گزارش کروں گا۔ تاہم پارٹی کے لیے وکالتی خدمات بلامعاوضہ جاری رکھوں گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ علی بخاری کے ذریعے عمران خان سے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے دستبردار ہونے کی درخواست کی تھی، لیکن میری درخواست منظور نہ کی گئی جس پر ان کے اعتماد پر شکر گزار ہوں۔

https://urdu.arynews.tv/chairman-pti-berristar-gohar-talk-about-aleema-khan/