اسلام آباد پولیس کارکنوں کے نہ ملنے پر انکے بچوں کو اٹھا رہی ہے، عمران خان

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کارکنوں کے نہ ملنے پر گھروں سے دس دس سال کے بچوں کو اٹھا رہی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کی سخت مذمت کی ہے۔

عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں فسطائیت عروج پر ہے۔ پولیس کارکنوں کو پکڑنے کے لیے بغیر وارنٹ گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔

سابق وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں الزام عائد کیا کہ جہاں کارکن گھروں میں موجود نہیں ہیں وہاں 10 سال کے بچوں کو اٹھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے وہ تمام کارکن اور ان کے بچے فوری طور پر رہا کیے جائیں جنہیں اغوا کیا جا چکا ہے۔