لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج بھی اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر مختلف اضلاع کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیللات کے مطابق عمران خان کی اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے مشاورت حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔
عمران خان رواں ہفتے بھی مختلف اضلاع کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت کریں گے ، اس سلسلے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج بھی زمان پارک میں مصروف دن گزاریں گے۔
عمران خان مختلف اضلاع کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے 2 بجے ملاقاتیں کریں گے جبکہ مختلف پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
اس موقع پر زمان پارک کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
گذشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں پہلے مرحلے میں پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ تمام ارکان قومی اسمبلی دوبارہ ایوان میں پیش ہو کر اپنے استعفے دیں گے۔
جلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہوگی جبکہ ارکان کی پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے دوبارہ استعفوں کے فیصلے کی توثیق کردی گئی۔
ارکان اسمبلی نے کہا تھا کہ قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں پی ٹی آئی کی امانت ہیں، باقاعدہ عمران خان کی زیر قیادت انتخابی مہم میں جائیں گے۔