بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے بعد قائمہ کمیٹیوں سے پہلا استعفیٰ

بانی پی ٹی آئی

لاہور(27 اگست 2025) اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ارکان کو جاری ہدایات کے بعد قائمہ کمیٹیوں سے پہلا استعفیٰ آگیا۔

ممبر قائمہ کمیٹی فیصل امین خان نے قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا، فیصل امین اکنامک افیئرز، فوڈ سیکیورٹی، پارلیمانی ٹاسک فورس کمیٹیوں سے مستعفی ہوئے۔

بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین نے اپنا استعفیٰ چیف وہیپ عامر ڈوگرکو بھیج دیا۔

فیصل امین خان نے قائمہ کمیٹیوں سے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی بھیج دیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید اراکین کو بھی قائمہ کمیٹوں سے مستعفی ہونے کا پیغام بھجوایا گیا ہے۔

ذرئع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر مزید ارکان کا بھی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں : بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کو قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی ہے، علیمہ خان

بانی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ بانی نے پارٹی اراکین کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے فوری مستعفی ہونے کی ہدایت کی ہے۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ ملاقات میں بھائی  نے میرے بچوں کا پوچھا کہ کیا انہیں بھی جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔