2 سے 3 گھنٹے میں بارش کا سسٹم پورے کراچی کو لپیٹ میں لے لے گا، تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی و درمیانی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ گڈاپ، سرجانی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن، صدر کے علاقے میں کہیں ہلکی، درمیانی اور کہیں بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

موسم کی موجودہ صورتحال سے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت بارش کا سسٹم کُنڈ ملیر اور اطراف میں موجود ہے اور دو سے تین گھنٹوں میں بارش برسانے والا سسٹم کراچی پہنچے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے چند مقامات میں موسلا دھار اور دیگر میں درمیانے درجے کی بارش کی پیشگوئی ہے جب کہ اس دوران تیز ہواؤں کے جھکڑ اور مضافات میں ژالہ باری کے بھی امکانات موجود ہیں۔

کراچی اور مضافات میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے کل تک جاری رہے گا اور بارش کے بعد سردی کی جزوی لہر بھی آ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں کو پہلے ہی ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے کراچی ڈویژن کے سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر میں آج آدھے دن کی چھٹی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں سندھ حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن میں تمام کارپوریشن، لوکل کونسلز کے دفاتر دوپہر 2 بجے بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تاہم اس نوٹیفکیشن کا اطلاق بنیادی اور ایمرجنسی ڈیوٹی انجام دینے والوں پر نہیں ہوگا۔

محکمہ تعلیم نے بھی موسم کی صورتحال کے پیش نظر سندھ بھر میں آج شام کی شفٹ میں تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ مغربی ہواؤں کے اس سسٹم سے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ممکنہ بارشوں اور برف باری سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں سے کراچی، حیدرآباد، گوادر،پشاور،مردان، میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔