فلسطین سے اظہار یکجہتی، عاصم اظہر نے اپنی سالگرہ نہیں منائی

گلوکار اور اداکار عاصم اظہر نے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنی سالگرہ منانے سے انکار کر دیا۔

غاصب صہیونی ریاست نے غزہ پر جاری جارحیت نے انسانیت کو شرما کر رکھ دیا ہے جس کے نتیجے میں تین ہفتوں کے دوران 8 ہزار سے زائد مظلوم فلسطینی شہید جب کہ 20 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ شہدا اور زخمیوں میں ایک بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

اسرائیلی بربریت کے خلاف مسلمانوں سمیت ہر طبقہ فکر سراپا احتجاج ہے اور جنگ بندی کے مطالبات کیے جا رہے ہیں مگر اسرائیل اس پر کان نہیں دھر رہا ہے جس سے دنیا میں اسرائیل کے خلاف نفرت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

ایسے ہی سوگوار ماحول پاکستان میوزک انڈسٹری کے مایہ ناز گلوکار عاصم اظہر کی سالگرہ بھی آئی ہے وہ گزشتہ روز 27 برس کے ہو گئے۔ لیکن انہوں نے انبیا کی سر زمین پر جاری اسرائیلی بربریت کا شکار مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنی سالگرہ نہ منانے کا فیصلہ کیا۔

عاصم اظہر نے اپنی سالگرہ کے دن سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس فلسطین کا جھنڈا اٹھائے ہوئے اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے ساتھ ہی دنیا کو جھنجھوڑنے والا جذباتی پیغام بھی جاری کیا ہے۔

گلوکار نے کیپشن میں لکھا کہ اس وقت فلسطین میں ہمارے بہن بھائیوں کے ساتھ جو ظلم و ستم ہو رہا ہے وہ دیکھتے ہوئے میں نے رواں برس اپنی سالگرہ نہ منانے کا اعلان کیا ہے۔

وہ مزید لکھتے ہیں کہ اپنی اس سالگرہ کے موقع پر میں چاہتا ہوں کہ ہم سب فلسطین میں ہونے والے قتلِ عام کا پیغام دنیا تک پہنچائیں اور ان کے لیے جو کچھ کر سکتے ہیں وہ کرنے کی کوشش کریں’۔

عاصم اظہر نے لوگوں کو اپنے پیغام میں ترغیب دیتے ہوئے لکھا کہ براہ کرم اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کریں، چاہے وہ سوشل میڈیا ہو اور ہم جیسے فنکار زیادہ سے زیادہ افراد تک فلسطینیوں کے پیغام کو پہنچانے کے لیے اپنے اسٹیج کا استعمال کریں۔

 

ساتھ ہی گلوکار نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر اپنے مداحوں، دوستوں اور عزیز و اقارب کا سالگرہ کی مبارک بادیں دینے اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا ہے۔