آزادکشمیر یونیورسٹی میں کنگ عبد اللہ کیمپس کا افتتاح

سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے پاکستان میں کنگ عبداللہ کیمپس پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔

سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ڈی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل ایشیا آپریشنز ڈاکٹر سعود بن عاید الشمیری نے آزاد جموں وکشمیر کے صدر سلطان محمود چوہدری کے ہمراہ پاکستان میں آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی میں کنگ عبد اللہ کیمپس کا افتتاح کردیا ہے۔

اس منصوبے کے لیے ایس ڈی ایف نے 90 ملین ڈالرز کی مالی اعانت فراہم کی ہے۔ اس موقع پر پاکستان ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کے علاوہ دونوں جانب کے متعدد عہدیداران بھی موجود تھے۔

جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کنگ عبداللہ کیمپس میں 15 تعلیمی شعبہ جات کے ساتھ ساتھ ایڈمنسٹریشن بلاکس، رہائش، لائبریری، مسجد، جدید ترین آڈیٹوریم اور دیگر ضروری سہولتیں موجود ہیں۔

نئے کیمپس سے 10,000سے زائد طلباء، فیکلٹی ممبران اور ملازمین استفادہ کریں گے، جو پاکستان کی پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد دیتے ہوئے جدید تحقیق اور تعلیمی مواقع فراہم کرے گا۔ نیا کیمپس اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف خاص طور پر SDG4 (معیاری تعلیم)، SDG5 (صنفی مساوات)، SDG8 (مناسب کام اور اقتصادی ترقی)، اور SDG11 (مستحکم شہر و مقامی کمیونٹیز کے حصول) میں مدد فراہم کرے گا۔

آزاد جموں و کشمیر کے صدر سلطان محمود چوہدری نے کنگ عبداللہ یونیورسٹی کیمپس کی بہتری اور ترقی کے لیے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ذریعے تعاون پر مملکت سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے چانسلر کی حیثیت سے میں 2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی قیادت میں مملکت سعودی عرب کی جانب سے دی گئی مالی امداد کا بہت شکر گزار ہوں، جس سے نہ صرف ہماری یونیورسٹی کی تعمیر نو ہوئی بلکہ سعودی عرب اور آزاد کشمیر کے درمیان ایک غیرمتزلزل دوستی کی بنیاد رکھی گئی۔ یہ ایسا تعلق ہے جو وقت اور نسلوں سے ماورا اور مصیبت کے وقت تعاون کی علامت ہے۔

سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ میں ایشیا آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرل سعود بن عاید الشمیری نے کہا کہ 2005 میں کشمیر میں آنے والے زلزلے کے بعد کنگ عبداللہ یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر نو کے لیے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کا تعاون، سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کی خواہش کا نتیجہ ہے۔ سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنا چاہتا ہے۔ یہ منصوبہ قریبی ترقیاتی تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان کامیاب شراکت داری کے فریم ورک کا نتیجہ ہے، جو 47 سال سے زائد عرصے پر محیط ہے۔

آزاد جموں کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد کلیم عباسی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیلنجوں کے باوجود سعودی عرب کی حکومت ہماری غیرمتزلزل حمایت کی، جو ہمارے لیے امید کی کرن بن کر ابھری۔