کراچی : یومِ آزادی کی 14 روزہ تقریبات کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ، گورنر ہاؤس سندھ میں پاکستان کے سب سے بڑے قومی پرچم کی رونمائی آج ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق یومِ آزادی کی 14 روزہ تقریبات کا شاندار آغاز آج کراچی کے گورنر ہاؤس سندھ میں ہو رہا ہے، جہاں سب سے بڑے خصوصی تیار کردہ قومی پرچم کو لہرا کر جشن کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ اس بار جشنِ آزادی تاریخی انداز میں منایا جائے گا جسے "معرکۂ حق” کا نام دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج شام پرچم کشائی کے ساتھ تقریبات کا آغاز ہوگا، جن میں پاکستان کی تمام مسلح افواج کے بینڈز سلامی پیش کریں گے جبکہ مختلف ممالک کے قونصل جنرلز بھی تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ "اس بار ہمارا جوش و جذبہ پانچ گنا بڑھا ہوا ہے کیونکہ ہم نے حال ہی میں دشمن ملک کے پانچ طیارے مار گرائے۔”
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ "میری خواہش ہے کہ جشنِ آزادی کے موقع پر کامیابی کی خوشی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو پاکستانی پرچم بطور تحفہ بھیجوں تاکہ اُنہیں یاد رہے کہ یہ وہی جھنڈا ہے جس نے اُنہیں وہ سبق سکھایا جو وہ آج تک نہیں بھلا سکے۔”
انہوں نے مزید کہا کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات میں پرچم کشائی، شاندار آتش بازی، ثقافتی میلہ اور طلبہ کے لیے معلوماتی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔
گورنر نے کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام کو ان تقریبات میں بھرپور شرکت کی دعوت دی ہے۔