اسلام آباد: پاکستان کے یوم آزادی کی 70 سالہ تقریبات کو شایان شان طریقہ سے منانے کے لیے خصوصی لوگو کا اجراءکر دیاگیا ہے‘ جو کہ زبان ،ثقافتی تنوع اور قومی تشخص کا عکاس ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق لوگو کا عنوان ’میں ہوں پاکستان‘رکھا گیا ہے ، اس برس یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کی متنوع ثقافت، تہذیب وتمدن، تاریخ و ورثہ کو یوم آزادی کی تقریبات کے ذریعے اجاگر کیا جائیگا۔
گزشتہ روز پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے زیر اہتمام یوم آزادی کی 70 سالہ تقریبات کے سلسلے میں لوگو کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کی 70 سالہ تقریبات کو منانے کے لیے ایک کمیٹی بنائی تھی جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال ،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی اور میرے سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو نمائندگی دی گئی ہے جس کا مقصد قومی وصوبائی سطح پر ملک کے 70 ویں یوم آزادی کے جشن کو شایان شان طریقہ سے منانا اور قومی جذبوں اور امنگوں کو پروان چڑھانا ہے۔
گوگل/ فیس بک کی جانب سے پاکستانیوں کوجشن آزادی کی مبارک باد

وزیرمملکت نے سیکرٹری اطلاعات ونشریات احمد نواز سکھیرا کی اس ضمن میں کوششوں کی تعریف کی جن کی سربراہی میں پی ٹی وی کی جون میں منافع بخش کلوزنگ خوش آئند اقدام ہے، جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ریڈیو پاکستان نے بھی بہت سے پروگرام ترتیب دیئے ہیں، پی این سی اے نے پاک چین ثقافتی ہم آہنگی کیلئے خصوصی پروگرام وضع کئے ہیں، جن میں ارومچی سے گوادر تک ثقافتی کارروان ’میں ہوں پاکستان ‘اپنے ثقافتی رنگ بکھیرے گا جس سے سفارتی تعلقات مضبوط مستحکم ہوں گے اور پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان عوامی سطح کے رابطوں کو فروغ حاصل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پی این سی اے نے لوگو کے تخلیقی مقابلوں کا انعقاد کیا جس میں نسٹ یونیورسٹی کی تھرڈ ائیر کی طالبہ صبا زمان کے تخلیق کر دہ لوگو کو 70سالہ تقریبات کے لئے منتخب کیا گیا ہے، ملک بھر سے مقابلے میں 400 سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ وزیر مملکت نے وزیراعظم کی جانب سے لوگو مقابلوں کی فاتح طالبہ کیلئے5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔
اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔