نئی دہلی: بھارت نے میانمار سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی کرنسی کے ذریعے تجارت میں تیزی لائی جائے، جس کے طریقہ کار کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے دورے پر آئے میانمار کے وزیر تجارت یو آنگ ناجن او سے ہندوستانی برآمد کنندگان کے ایک وفد نے کولکتہ میں ملاقات کی، وفد نے بھارتی کرنسی میں تجارت کے مسئلے پر گفتگو کی۔
پی کے انجینئرنگ ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے سابق چیئرمین پی کے شاہ نے میڈیا کو بتایا میانمار کے وزیر نے یقین دلایا ہے کہ جلد نئے طریقہ کار پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ میانمار کو زرمبادلہ کے ذخائر کی کمی کا سامنا ہے، اس نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ تھائی بھات اور چین کی رینمنبی (کرنسی) کے ساتھ ساتھ جلد ہی بھارتی روپے کو بھی سرکاری سیٹلمنٹ کرنسی کے طور پر قبول کرنا شروع کر دے گا، جس کا مقصد امریکی ڈالر پر انحصار کو کم کرنا ہے۔
برآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ مذکورہ معاہدے کے تحت بھارت سے دوا سازی اور مینوفیکچرنگ اشیا کے ساتھ ساتھ میانمار سے دالیں، لکڑی اور دیگر مصنوعات کی زیادہ درآمدات میں مدد ملے گی۔ مقامی کرنسیوں کے ذریعے نئے تجارتی طریقہ کار کے فعال ہونے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارت 1.8 بلین ڈالر کی موجودہ سطح سے نمایاں طور پر بڑھ جائے گی۔