اسلام آباد (26 اگست 2025): پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت نے معاہدے کے مطابق سیلاب کا انتباہ سندھ طاس کمیشن کے ذریعے نہیں دیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے سیلاب کی وارننگ کے سلسلے میں بھارت کی جانب سے رابطے پر کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ روز سیلاب کا انتباہ سندھ طاس کمیشن کے ذریعے نہیں دیا، بلکہ سفارتی ذریعے سے سیلاب کے بارے میں آگاہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ بھارت پر لازم ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد کرے، بھارت کا اس معاہدے کو یک طرفہ طور پر معطل رکھنا بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ بھارت کا یہ اقدام جنوبی ایشیا میں امن و استحکام پر انتہائی منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
بھارت: مادھوپور ڈیم سے پانی کے اخراج کی وارننگ، دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا گیا
یاد رہے کہ بھارت نے دریائے توی میں جموں پر ممکنہ بڑے سیلاب سے پاکستان کو آگاہ کیا تھا۔ تاہم سندھ طاس کمیشن کی بجائے پاکستانی وزارت خارجہ کو سیلاب کی ممکنہ صورت حال سے بھارتی ہائی کمیشن نے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ رات مادھوپور ڈیم سے بھی پانی کے اخراج کی وارننگ جاری کردی گئی ہے، جب کہ دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا گیا ہے۔ ادھر بھارت کی طرف سے دریائے چناب میں بھی پانی چھوڑے جانے کی اطلاع پر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔