بھارت نے پاکستان کو ممکنہ بڑے سیلاب سے پیشگی آگاہ کردیا

اسلام آباد : سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت نے پاکستان سے سیلاب کے معاملے پر باضابطہ رابطہ کرکے ممکنہ بڑے سیلاب کے خطرے سے مطلع کردیا۔

اس حوالے سے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت سیلاب کے معاملے پر پاکستان سے رابطہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے دریائے توی میں جموں کے مقام پر ممکنہ بڑے سیلاب کے خطرے سے پاکستان کو آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ انڈیا نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، سیلاب کی ممکنہ صورتحال سے بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے پاکستان کو آگاہ کیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے رابطہ 24 اگست کی صبح 10 بجے کیا گیا اور پاکستان کو ممکنہ سیلابی صورتحال کی پیشگی اطلاع دی گئی۔

رواں سال مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلا بڑا رابطہ ہے، واضح رہے کہ اس معاملے پر مؤقف جاننے کیلیے ترجمان دفتر خارجہ سے رابطہ نہ ہوسکا۔

مزید پڑھیں : سندھ طاس معاہدہ معطل، بھارت کا پاکستانیوں کو فوری ملک چھوڑنے کا حکم

یاد رہے کہ رواں سال ماہ اپریل میں بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرتے ہوئے بھارت میں موجود پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

بھارتی وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اٹاری اور واہگہ بارڈر کو بھی بند کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سارک ویزا استثنیٰ کے تحت پاکستانی شہری بھارت کا سفرنہیں کرسکیں گے۔