ورلڈ کپ کا پاک بھارت ٹاکرا ’’نریندر مودی اسٹیڈیم‘‘ میں، پاکستان کا کیا فیصلہ ہے؟

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا میزبان بھارت ہے جو پاک بھارت میچ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کرانے کا خواہاں لیکن پاکستان نے اس حوالے سے اپنی ترجیحات بتا دی ہیں۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ رواں سال کے اختتام پر بھارت میں شیڈول ہے۔ ٹورنامنٹ کوئی بھی ہو پاک بھارت میچ ہائی وولٹیج میچ ہوتا ہے جس پر دنیا بھر کی نظریں ہوتی ہیں حتیٰ کہ جو لوگ کرکٹ کے کھیل سے شغف نہیں رکھتے وہ بھی اس بارے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

پاک بھارت ٹاکرا جو کہ اس ٹورنامنٹ کے سب سے ہائی وولٹیج میچ ہے اس کو میزبان بھارت احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کرانا چاہتا ہے کیونکہ وہاں ایک لاکھ شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے تاہم پاکستان ورلڈ کپ کے فائنل کے علاوہ کوئی اور میچ اس اسٹیڈیم میں کھیلنے پر رضامند نہیں ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان میں آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اور سی ای او جیف ایلرڈائس کے ساتھ حالیہ ملاقات کے دوران احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اپنے میچز کھیلنے سے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا تھا۔

اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی کپ کے فائنل کے علاوہ کوئی اور میچ نریندر مودی اسٹیڈیم میں نہیں کھیلے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ نجم سیٹھی نے آئی سی سی سے درخواست کی ہے کہ اگر قومی ٹیم کو اکتوبر اور نومبر میں عالمی ایونٹ کیلئے ہندوستان جانے کی حکومت سے کلیئرنس مل جاتی ہے، وہ اپنے میچز چنئی، بنگلورو اور کولکتہ میں کھیلے گا۔