سری لنکن اسپنر نے 27 سال بعد بھارت کی ون ڈے سیریز میں شکست کی وجہ بتا دی

سری لنکا نے گزشتہ روز کولمبو میں کھیلا گیا میچ جیت کر 27 سال بعد بھارت کو ون ڈے سیریز میں شکست سے دوچار کیا ہے۔

سیریز جیتنے کے بعد سری لنکن اسپنر مہیش تھیکشنا نے بھارت کی سری لنکا کے ہاتھوں شکست کی بڑی وجہ سے پرہ اٹھا دیا ہے۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سری لنکا کے اسپنر مہیش تھکشنا نے کہا کہ بھارت اپنی سر زمین پر من پسند وکٹوں اور چھوٹی باؤنڈریوں پر کھیلتا ہے اسی وجہ سے اسے کولمبو میں پریما داسا میں شکست ہوئی جب کہ ہم یہاں کی پچ سے زیادہ واقف تھے اور اسی کے مطابق اپنا گیم پلان ترتیب دیا اور اس پر عمل کیا۔

سری لنکا کے اسپنر تھیکشنا کا کہنا ہے کہ ہندوستان عام طور پر اچھی وکٹوں اور چھوٹی باؤنڈریوں پر کھیلتا ہے۔

تھیکشنا نے نشاندہی کی کہ ہندوستان عام طور پر چھوٹی باؤنڈریوں کے ساتھ اچھی وکٹوں پر کھیلتا ہے، جب کہ سری لنکا پریماداسا پچ سے زیادہ واقف تھا، جس نے انہیں اپنی باری کے موافق فطرت کی وجہ سے ایک اہم فائدہ فراہم کیا۔

سری لنکا کے اسپنر مہیش تھیکشنا نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ وہ سری لنکا میں منعقدہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں روہت شرما کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم کو کس طرح شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔

لنکن اسپنر نے کہا کہ ہمیں پتہ تھا کہ پریما داسا پچ پر کھیل میں اگر تھوڑا بھی موڑ آیا تو ہم اس سے فائدہ اٹھا لیں گے کیونکہ ہمارے پاس اچھے اسپنرز ہیں۔

انہوں نے ٹی 20 سیریز میں بھارت کے ہاتھوں وائٹ واش ہونے کے بعد ون ڈے سیریز میں جیت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جیت سے پوری ٹیم کا اعتماد بڑھا ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ 1997 کے بعد ہم بھارت سے ون ڈے سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ مجھے اس ٹیم کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔

تھیکشنا نے اس فتح کا کریڈٹ پوری ٹیم کو دیتے ہوئے کہا پوری سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ پہلا میچ برابر ہونے کے بعد دوسرے میچ میں سری لنکا نے بھارت کو 32 رنز سے ہرایا تھا اور گزشتہ روز کولمبو میں تیسرے اور آخری میچ میں 110 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا کر 27 سال بعد بلیو شرٹس کو ون ڈے سیریز میں زیر کیا۔

آخری ایک روزہ میچ میں بھارت کے سورما سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 249 رنز کے تعاقب میں صرف 138 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئے تھے۔