نئی دہلی : مودی سرکار نے مسلسل دو روز پرلے میزائل کے تجربات کیے ، جو خطے میں کشیدگی بڑھانے، ہتھیاروں کی دوڑ اور تباہ کن جنگ کی راہ ہموار کرنے کی سازش ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی ہندوتوا پر مبنی حکومت ایک بار پھر اپنی اندرونی ناکامیوں اور فوجی شکستوں سے توجہ ہٹانے کے لیے عسکری طاقت کی نمائش پر انحصار کر رہی ہے۔
نریندر مودی کی حکومت نے 28 اور 29 جولائی کو مسلسل دو دن پرلے میزائل تجربات کیے، جنہیں تجزیہ کار سیاسی چال اور آپریشن سندور کی ناکامی چھپانے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔
میزائل تجربے اڈیشہ کے ساحل پر واقع ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جزیرے پر کیے گئے، جہاں پرلے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ دکھایا گیا۔
میزائل زمین سے زمین پر مار کرنے والا جدید ہتھیار ہے، جو بھارتی دعووں کے مطابق مختصر فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کا یہ اقدام نہ صرف خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث ہے بلکہ جنوبی ایشیا کو ہتھیاروں کی دوڑ اور ممکنہ تباہ کن جنگ کی طرف دھکیلنے کی خطرناک سازش بھی ہے۔
بھارت کی جنگی جنونیت کا منہ توڑ جواب پاکستان کا جدید ترین ٹیکٹیکل میزائل "نصر” ہے، جو جوہری وارہیڈ لے جانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
نصر میزائل نہ صرف تیز رفتار اور موبائل ہے بلکہ یہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔