بھارت کو آئندہ سال 2025 میں ایشیا کپ کی میزبانی دے دی گئی، ایونٹ ٹی 20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔
ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ اسپانسر شپ کے حقوق کی دستاویز کے لیے اظہار دلچسپی کے دعوت نامے کے مطابق ایشیا کپ میں 13 میچز کھیلے جائیں گے جن میں چھ ٹیمیں شامل ہوں گی۔
بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور چھٹی ٹیم کا فیصلہ کوالیفائنگ ایونٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔
اے سی سی اعلامیے کے مطابق ایشیا کپ 2027 بنگلہ دیش میں 50 اوور کے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔
ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ابھی تاریخوں کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں ایشیا کپ ویمنز، انڈر 19 اور ایمرجنگ ٹورنامنٹس کے میزبان ممالک کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
2026 کا ویمنز ایشیا کپ کا فارمیٹ ٹی 20 ہوگا جب کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے 2024 سے 2027 تک چاروں ایڈیشن ون ڈے فارمیٹ کے تحت ہی کھیلے جائیں گے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ایشیا کپ کے شیڈول اور وینیوز ابھی حتمی نہیں ہیں جبکہ ٹورنامنٹس کی میزبانی یا شیڈول کسی بھی وقت بدلے جا سکتے ہیں۔