دس ماہ کی بچی کو چلتی کار سے پھینک دیا گیا

ممبئی: بھارت میں ہونے والے جرائم کے واقعات دنیا بھر میں خبروں کی زینت بنتے ہیں، آج بھی ایسا ہی ایک کیس سامنے آیا جس نے دل دہلادیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے پالھگرضلع میں ممبئی احمد آباد ہائی وے پر چلتی کار سے دس ماہ کی بچی کو پھینک دیا گیا اس غیر انسانی روئیے کے باعث کمسن کی موت واقع ہوگئی۔

پولیس کے مطابق معاملہ کچھ یوں ہے کہ کمسن بیٹی اور اس کی ماں ایک ٹیکسی کے زریعے تحصیل واڈا کےعلاقے پیلہار سے پوشیرے واپس آرہی تھی اس ٹیکسی میں چند اور لوگ بھی سوار تھے۔

پولیس افسر کے مطابق دوران سفر ٹیکسی ڈرائیور اور اس کے مبینہ ساتھیوں نے خاتون سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی تو خاتون نے احتجاج کیا جس پر سفاک ملزمان نے خاتون کی گود سے دس ماہ کی بچی چھین کر چلتی کار سے نیچے پھینک دی جس کے نتیجے میں بچی کی موت واقع ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: ویڈیو: ریلوے ٹریک پر پیش آیا دل دہلا دینے والا واقعہ

پولیس افسر کے مطابق بعد ازاں خاتون کو بھی چلتی کار سے پھینک دیا گیا جس کے نتیجے میں وہ بھی شدید زخمی ہوئیں، خاتون کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دل دہلادینے والا واقعہ زخمی خاتون نے اپنے بیان میں بتایا، خاتون کے بیان کی روشنی میں مانڈوی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا اور خاتون سے بدسلوکی کے الزام میں ایک شخص کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے جس کا نام وجے کشواہا بتایا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں تاہم ابھی تک کامیابی نہیں مل سکی ہے۔