ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل بھارت نے جیت لیا

ایشین ہاکی

چنئی: بھارت نے ملائیشیا کو شکست دے کر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیت لیا۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت نے ملائیشیا کو 4-3 شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، بھارتی ٹیم نے آخری پانچ منٹ میں چوتھا گول کرکے کامیابی حاصل کی۔

ملائیشیا کو دوسرے کوارٹر کے اختتام پر 3-1 کی برتری حاصل تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے ایونٹ میں پانچویں پوزیشن کا میچ جیتا تھا، پاکستان نے پانچویں پوزیشن کے میچ میں چین کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دی تھی۔

پہلے کوارٹر میں پاکستان نے چار گول کرکے پوزیشن مضبوط کرلی تھی جبکہ دوسرے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور ہاف ٹائم تک پاکستان کو 0-4 کی برتری حاصل رہی تھی۔

تیسرے کوارٹر میں چین نے میچ کا پہلا اور اپنا واحد گول کیا جبکہ چوتھے کوارٹر میں پاکستان ٹیم نے مزید دو گول کرکے 1 کےمقابلے میں 6 گول سے میچ جیتا تھا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عماد اور سفیان نے 2-2 جبکہ عبدالحنان اور رانا وحید نے 1-1 گول کیا تھا۔

ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے6 میچز کھیلے جس میں سے 2 میچز میں کامیابی سمیٹی، 2 میچز ڈرا اور 2 ہی میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔