اسرائیل اور حماس کے درمیان حالیہ تنازع پر بھارتی خود ساختہ ناقد کمال آر خان نے بھارتی مسلمانوں پر تنقید کے نشتر چلادیے۔
چند بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے کمال خان کی ٹوئٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انھوں نے ہم وطن مسلمانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سمجھ میں نہیں آتا کہ فلسطینیوں کے لیے بھارتی مسلمان عربوں سے زیادہ پریشان کیوں ہیں۔
انھوں نے ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آتا کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے مسلمان فلسطینی مسلمانوں کے لیے اتنے پریشان کیوں ہیں‘۔
متنازع اداکار نے مزید لکھا کہ ’جب کہ عرب مسلمان فلسطین کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتے، کیا تم بھارتی مسلمان عرب کے لوگوں سے زیادہ بڑے مسلمان ہو؟‘
کمال آر خان کا کہنا تھا کہ امریکا نے کھل کر اسرائیل کی سپورٹ کی ہے اور عرب یہ بات پہلے سے جانتے تھے۔ اسی وجہ سے عرب ممالک نے روس اور چین کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے۔ عرب امریکا پر اب مزید اعتماد نہیں کرتے۔
کمال آر خان کی ٹوئٹ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور اس پر لوگوں نے اپنی رائے کا اظہار کرنا شروع کردیا۔
واضح رہے کہ خودساختہ ناقد کا ٹوئٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل اور حماس کے درمیان جھڑپیں شدت سے جاری ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم مودی بھی اپنی ٹوئٹ کے ذریعے اسرائیل کی حمایت کا اظہار کرچکے ہیں۔