ہر پاکستانی بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس کا اعلامیہ

قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس

اسلام ۤباد : پاکستان نے کہا ہے کہ ملک کا ہر شہری بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس برائے کشمیر سے قومی لائحہ عمل مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بات اسلام آباد میں ہونے والی قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس برائے کشمیر کے اعلامیہ میں کہی گئی۔ کانفرنس کا اعلامیہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پیش کیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہکشمیری عوام پاکستان کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں، پاکستان کے عوام، حکومت اور پارلیمان بھی کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کانفرنس سے مسئلہ کشمیر سے متعلق قومی لائحہ عمل مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔

قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس کے اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیرمیں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر روکے۔

بھارتی غیرقانونی یکطرفہ اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی کیخلاف ورزی ہیں،80لاکھ کشمیریوں کو مسلسل کرفیو میں رکھ کر بنیادی انسانی حقوق سلب کیے گئے ہیں،۔

اعلامیہ کے مطابق آزاد کشمیر سے متعلق اشتعال انگیزی اور بھارتی دھمکیوں سے علاقائی امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں، عالمی پارلیمان بھارت کے غیرقانونی اقدامات کا نوٹس لیں۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق سے متعلق خصوصی کمیشن تشکیل دے اور مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔