ورلڈ کپ کے ٹکٹ ’’بلیک‘‘ میں فروخت کرنیوالا بھارتی گرفتار

کولکتہ پولیس نے ورلڈ کپ کے انڈیا اور جنوبی افریقہ میچ کے ٹکٹ بلیک میں مہنگے داموں فروخت کرنے والے بھارتی شہری کو گرفتار کرلیا ہے۔

بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں میزبان انڈیا 5 نومبر کو کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ سے ٹکرائے گا۔ دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ میں بہترین کھیل پیش کر رہی ہیں اس لیے سنسنی خیز میچ ہونے کا امکان ہے اور بھارتی شائقین کو اس کا شدت سے انتظار ہے۔

تاہم میچ کے انعقاد سے پانچ روز قبل کولکتہ پولیس نے ایک شخص کو مذکورہ میچ کا 2500 روپے والا ٹکٹ 11 ہزار روپے میں فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کولکتہ پولیس نے انکت اگروال نامی شخص کو گرفتار کیا ہے جو ورلڈ کپ میں میزبان بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے میچ کے 2500 روپے مالیت کے ٹکٹ بلیک میں 11 ہزار روپے میں فروخت کر رہا تھا۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے مذکورہ میچ کی 20 ٹکٹ بھی ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

 

واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس نے 29 اکتوبر کو کھیلے گئے بھارت اور انگلینڈ کے ورلڈ کپ میچ کے جعلی ٹکٹ فروخت کرنے کے الزام میں ایک نا معلوم شخص کو گرفتار کیا تھا۔