ورلڈکپ فائنل میں ناکامی کے بعد بھارتی کپتان نے پہلے انٹرویو میں کیا کہا؟

ورلڈکپ فائنل ہارنے کے بعد روہت شرما کا پہلا انٹرویو سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے غلطیوں کے بارے میں بات کی جو ان کی آسٹریلیا کے خلاف ہار کا سبب بنی۔

آسٹریلیا نے آئی سی سی ایونٹ کے فائنل میں بھارت کو اس کی سرزمین پر باآسانی شکست دی تھی۔ کینگروز نے حتمی مقابلے میں بھارتی بیٹرز اور بولرز کی ایک نہ چلنے دی تھی اور انھیں تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ریکارڈ چھٹی بار ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے عالمی کپ جیتنے میں ناکامی کے بعد سوشل میڈیا پر پہلا انٹرویو دیا ہے، جس میں ان کا کہنا تھا کہ پہلے میچ سے لے کر آخری میچ تک کئی سارے ایسے لمحات آئے ہوں گے کہ جہاں پر لگا کہ چلو یار ابھی ہم ورلڈکپ جیت سکتے ہیں۔

انڈین کرکٹ ٹیم کے اوپنر کا کہنا تھا کہ ہمارے 11 کے 11 پلئیرز فارم میں ہیں، سب کچھ اچھا چل رہا ہے۔ ہماری ٹیم اچھا کررہی ہے مگر اسی دوران غلطیاں بھی ہوئیں۔

انھوں نے کہا کہ ظاہر سی بات ہے کہ جب آپ کسی ٹورنامنٹ میں کھیلنے جاتے ہیں تو سب کچھ اچھا تو نہیں ہوتا ہے۔ ویسے اچھی چیز کے اوپر سب لوگ بات کرتے ہیں کوئی منفی چیز کے بارے میں بات نہیں کرتا ہے۔

یہ منفی چیز مجھے ایسے آشکار نہیں کرنا ہے لیکن جو غلطیاں ہوئیں ہم انھیں آگے جار کر بہتر کرسکتے ہیں۔ اس میں کوئی شرمانے والی بات نہیں ہے کہ غلطیاں ہم سے ہوئیں۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ یہ ایسا وقت تھا کہ بھارت میں ورلڈکپ ہورہا تھا اور سب کو امید تھی کہ ہم اچھا کریں گے لیکن جب پلیئرز کھیلتے ہیں تو ہم لوگوں کو بھی پتا ہوتا ہے کہ دباؤ کتنا ہوتا ہے۔