بھارتی چیف سلیکٹر نے اپنی ہی ٹیم کے خطرناک راز افشا کر دیے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر چیتن شرما نے گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے کے مترادف بی سی سی آئی اور ٹیم سے جڑے متعدد حیران کن حقائق اگل دیے۔

بھارٹی ٹی وی چینل زی نیوز نے اسٹنگ آپریشن کیا اور خفیہ کیمرا لگا کر بھارتی ٹیم کے چیف سلیکٹر چیتن شرما گفتگو ریکارڈ کرلی۔ چینل کے اس اسٹنگ آپریشن سے بے خبر شرما نے انجانے میں انڈین کرکٹ بورڈ اور ٹیم کے راز افشا کرتے ہوئے کئی حیران کن حقائق اگل دیے۔

چیتن شرما خفیہ ریکارڈنگ میں یہ کہتے ہوئے سنائی دیتے ہیں کہ بھارتی ٹیم کے کچھ کھلاڑی 100 فیصد فٹنس دکھانے کے لیے فٹ رہنے اور کارکردگی بہتر کرنے والے انجیکشن لگاتے ہیں۔

چیف سلیکٹر کے مطابق یہ انجکشن درد کش نہیں ہوتے اور ان میں ایسی دوا ہوتی ہے جو ڈوپ ٹیسٹ میں پکڑی نہیں جاسکتی۔ کھلاڑی یہ انجکشن لینے کے بعد کھیلنے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔

شرما کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑیوں کو ڈوپ ٹیسٹ کے متعلق بہت معلومات ہے اور وہ جانتے ہیں کہ پکڑے جانے سے کیسے بچنا ہے۔

انہوں نے اس کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ جسپریت بمراہ بڑی انجری کی وجہ سے جھک نہیں سکتے تھے۔ ان کے علاوہ ایک دو کھلاڑی اور ہیں جو انجیکشن لے کر کہتے ہیں کہ وہ کھیلنے کے لیے فٹ ہیں۔

چیتن نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کپتانی کے تنازع میں سابق کپتان ویراٹ کوہلی جھوٹ بول رہے تھے۔ سارو گنگولی نے کوہلی کو نہیں ہٹایا تھا۔ انہیں قیادت سے ہٹانے کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کا تھا۔

بھارتی چیف سلیکٹر نے اس اسٹنگ آپریشن میں یہ بھی انکشاف کیا کہ سابق کپتان کوہلی اپنی مرضی سے کھلاڑیوں کو کھلاتے اور ڈراپ کرتے تھے جب کہ سابق کوچ انیل کمبلے کو بھی کوہلی کے کہنے پر ہی فارغ کیا گیا تھا۔