ترکیہ سے تعلق رکھنے والی ایئرپورٹ سروس کمپنی ’سیلیبی‘ کیخلاف معتصبانہ فیصلہ دیتے ہوئے بھارتی عدالت نے اس کی درخواست کو خارج کردیا۔
معروف ایوی ایشن کمپنی ’سیلیبی ایئرپورٹ سروسز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کو بھارتی عدالت سے بھی ریلیف نہ مل سکا، ہوابازی کی کمپنی سیلیبی کی درخواست کو عدالت نے خارج کردیا جس میں قومی سلامتی کی بنیاد پر اس کے سیکورٹی کلیئرنس کو رد کرنے کے حکومتی فیصلے کو چیلنج پیش کیا گیا تھا۔
دہلی ہائی کورٹ نے پیر کے روز سیلیبی ایئرپورٹ سروسز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کی بھارت میں اپنی خدمات جاری رکھنے کے حوالے سے دخواست کو خارج کرنے کا فیصلہ سنایا۔
جسٹس سچن دتہ نے سیلیبی ایئرپورٹ سروسز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ اور سیلبی دہلی کارگو ٹرمینل مینجمنٹ انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے داخل درخواستوں کو خارج کردیا۔
دونوں کمپنیاں کئی بھارتی ایئرپورٹس پر گراؤنڈ ہینڈلنگ اور کارگو آپریشن کی خدمات سرانجام دیتی تھیں۔ ان کی درخواست پر دہلی ہائی کورٹ نے 23 مئی کو اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے آج پیر کو سنایا گیا ہے۔
بھارتی ہوابازی سیکیورٹی ریگولیٹر، بیورو آف سول ایویشن سیکیورٹی (بی سی اے ایس) نے قومی سلامتی مفادات کا حوالہ دیتے ہوئے 15 مئی کو سیلیبی کی سیکیورٹی منظوری واپس لے لی تھی۔
حالیہ پاک بھارت جنگ میں ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی کھل کر حمایت کرنے اور بھارتی حملوں کی مذمت کرنے کے کچھ دنوں بعد بھارتی حکام کی طرف سے یہ فیصلہ آیا تھا۔
https://urdu.arynews.tv/turkey-celebi-sues-india-over-vague-clearance-pullback/